Nov 29, 2012

اردو کی معروف افسانہ نگار صفیہ صدیقی انتقال کرگئیں


اردو کی معروف افسانہ نگار صفیہ صدیقی 28 نومبر، 2012 کی شام لندن مین انتقال کرگئیں۔ وہ کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
راقم الحروف کو صفیہ صدیقی کے انتقال کی خبر فرزند ابن صفی جناب احمد صفی نے دی۔ یاد رہے کہ صفیہ صاحبہ، احمد صفی کی سگی خالہ اور جناب ابن صفی کی سالی تھیں۔ احمد صفی صاحب کے دکھ بھرا پیغام میں تحریر تھا کہ "آج میں نے اپنی ماں کو دوبارہ کھویا ہے"۔ احمد صفی صاحب حال ہی میں بزم قلم کے رکن بنے ہیں۔ ہم ان کے دکھ میں برابر کر شریک ہیں اور ان کی خالہ صاحبہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔  
 
راقم نے ابن صفی پر تین ماہ قبل مرتب کردہ اپنی کتاب "کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا" میں مندرجہ ذیل سطور درج کی تھیں:
"صفیہ صدیقی۔ابن صفی کی سالی، معروف افسانہ و ناول نگار۔آبائی تعلق قصبہ نگرام ضلع لکھنو سے ہے۔گزشتہ کئی دہائیوں سے لندن میں مقیم ہیں۔روزنامہ جنگ لندن سے وابستہ رہیں، 1982 میں خرابی صحت کے باعث جنگ کی ملازمت ترک کردی۔ تادم تحریر افسانوں کے پانچ مجموعے اور ایک ناول (وادی غربت میں) شائع ہوچکا ہے۔ "
صفیہ صدیقی کے حالات زندگی، ان کی انتہائی مختصر مگر اہم خودنوشت، افسانے و دیگر مواد راقم الحروف کے پاس محفوظ ہے۔ کوشش ہوگی کہ اسے ایک مضمون کی شکل دی جاسکے۔ 
محترم سید معراج جامی نے اپنے جریدوں پرواز اور سفیر اردو کے صفی صدیقی نمبر شائع کیے تھے۔ سفیر اردو میں شائع ہوئی صفیہ صدیقی کی ایک تصویر منسلک ہے جس کا عنوان خود ان کے ہاتھ کا تحریر کردہ ہے۔ مذکورہ تصویر میں وہ انتہائی بائیں جانب براجمان ہیں۔ 
صفیہ صدیقی سے راقم الحروف کا رابطہ بذریعہ ای میل کافی عرصے رہا، وہ بزم قلم پر راقم کی شامل کردہ چیزیں انہماک سے پڑھا کرتی تھیں، ان کے کئی پیغامات آج بھی محفوظ ہیں۔ 24 نومبر 2011 کو بھیجا گیا ایسا ہی ایک پیغام پیش خدمت ہے:
"عزیزم را شد۔ بہت سی دعائیں
ابھی آپ کی بھیجی ہوئی میل دیکھی اور پڑھی، اور ان تصویروں میں میرے بھائی جان کی بھی ایک تصویر تھی کافی  پرانی، بہت خوشی ہوئی، آ پ کو شائد معلوم نہیں کہ مکین احسن کلیم میرے بڑے بھائی تھے، وہ لا ہور میں تھے جب ان کا انتقال ہوا۔ قیصر تمکین صاحب نے  خبر گیر میں ان کا تزکرہ کیا ہے، یہ کتاب میرے پاس ہے، جب انھیں معلوم ہوا کہ میں ان کی بہن ہوں تو تمکین صاحب میرا بہت خیال کرنے لگے تھے، وہ کوئی 14 یا 15 برس کے رہے ہوںگے جب وہ قومی آواز میں پارٹ ٹائم کام کیا کرتے تھے وہیں بھائی جان سے ملا قا ت ہوئی تھی۔ یہ کوئی 80 کی دھائی ہوگی جب ساقی فاروقی کے افتخار عارف کے نام خط کا بہت شہرہ ہوا تھا مگر یہ شائد ہی کسی کو معلوم ہو کہ اسمیں کیا تھا، یہ بھی مشہور تھا کہ 24 صفحوں کا خط تھا۔ 
دعاؤ ں کے ساتھ
صفیہ
جیسا کہ مکتوب سے ظاہر ہے، مکین احس کلیم مرحوم، صفیہ صدیقی کے بھائی تھے۔ راقم الحروف نے " کہتی ہے تجھ کو  خلق خدا غائبانہ کیا" میں صفیہ صدیقی کا ایک اہم مضمون " بوئے گل سو گئی" بھی خصوصی طور پر شامل کیا تھا۔ یہ تمام چیزیں اور ان کے چند افسانے یہاں عنقریب پیش کیے جائیں گے۔
راشد اشرف
کراچی سے  

__._,_.___
Attachment(s) from haider qureshi
1 of 1 Photo(s)


No comments:

Post a Comment

Your feedback is warmly welcomed:
Contac us at: info@pakistanprobe.com

Popular Posts